اسکاٹ لینڈ سے رکن پارلیمنٹ مارگریٹ فیریئر معطل

June 08, 2023

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران نے ہملٹن اسکاٹ لینڈ سے ممبر پارلیمنٹ مارگریٹ فیرئیر کو کرونا لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی پر 40کے مقابلے میں 185ووٹوں سے 30دن کے لئے معطل کردیا ہے۔ اس اقدام سے اب ان کے حلقہ انتخاب ہمملٹن میں ضمنی الیکشن تقریباً یقینی ہوگیا ہے۔ نئے ضمنی الیکشن کے لئے حلقے کے دس فیصد رجسٹرڈ ووٹرز درخواست دینے کی ضرورت ہوگی۔ مارگریٹ فیرئیر پر الزامات تھے کہ انہوں نے ستمبر 2020میں کرونا لاک ڈاؤن کے دوران اپنے مشتبہ کوویڈ ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کئے بغیر پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئیں اور پھر یہ جاننے کے باوجود کہ ان کا کرونا کا رزلٹ مثبت آیا ہے، انہوں نے خود کو لندن کے ایک ہوٹل میں الگ تھلگ رکھنے کے بجائے ٹرین کے ذریعے گلاسگو کا سفر کیا اور یوں انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام، ممبران پارلیمنٹ اور عملے کے لئے انفیکشن شدید بیماری اور جان کے خطرے کا باعث بنیں۔ مارگیرٹ فیریئر نے اگرچہ اپنے ان کاموں پر شدید پشیمانی کا اظہار کیا لیکن سکاٹش نیشنل پارٹی سے اپنے ساتھیوں کے بار بار کے مطالبوں کے باوجود پارلیمنٹ سے استعفے دینے سے انکار کردیا تھا۔ مارگریٹ فیرئیر کو پہلے ہی ایک عدالت 270گھنٹے کمیونٹی ورک کا حکم دے چکی ہے۔ ضمنی الیکشن کی صورت میں یہاں سکاٹش نیشنل پارٹی اور لیبر پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے لیکن لیبر یہاں اپنی جیت کے بارے میں بہت زیادہ پرامید ہے۔ یہ بات دلچسپٹ ہے کہ حکمران سکاٹش نیشنل پارٹی کے سربراہ حمزہ یوسف اور لیبر پارٹی کے سربراہ انس سرور دونوں پاکستان نژاد ہیں۔