تیز ترین ٹرین کا منصوبہ، جدہ سے مکہ کا سفر صرف 5 منٹ میں طے ہوگا

June 08, 2023

ریاض (جنگ نیوز)سعودی عرب نے ایک ہزار 78کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی انتہائی تیز رفتار ٹرین کا منصوبہ بنالیا۔جیو نیوز کے مطابق ورجن ہائپرلوپ نامی برق رفتار ٹرین کی مدد سے اب 80کلومیٹر جدہ سے مکہ اور مکہ سے جدہ تک کا سفر 5منٹ تک کے معمولی وقت میں ممکن ہو سکے گا جبکہ ریاض سے جدہ کا سفر ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ممکن ہو گا۔ عرب میڈیا کے مطابق ‘ہائپر لوپ ون’ نامی امریکی کمپنی کی جانب سے یہ ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے ایک شہر سے دوسرے شہر کا سفر نہایت ہی کم وقت میں طے کیا جا سکتا ہے، اس ٹیکنالوجی کا مقصد طویل سفری اوقات کو کم سے کم کرنا ہے۔ امریکی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مسافر 1ہزار 78کلومیٹر فی گھنٹہ کے حساب سے ایک کیپسیول نما ٹرین میں سفر کر سکیں گے۔ کمپنی کی طرف سے مسافروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ آرام دے سفر کا بھی یقین دلایا گیا ہے۔ اس حوالے سے ‘ڈی پی ورلڈ’ نامی متحدہ عرب امارات کی لوجیسٹکس کمپنی کے سی ای او نے بتایا کہ 2030 تک یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔