امریکہ اور بھارت کا چین کے خلاف گٹھ جوڑ

June 08, 2023

نیویارک /نئی دہلی (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے گزشتہ روز نئی دہلی میں اپنے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی دہلی اور واشنگٹن بیجنگ کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اور جنگی صلاحیتوں سے خائف ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں عہدے داروں نے دو طرفہ دفاعی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا ۔ بھارتی حکام کے مطابق واشنگٹن اور نئی دہلی دونوں ہی کو چین کے اقتصاد۔ی عروج اور بڑھتی ہوئی جنگی صلاحیتوں کا سامنا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں دفاع، ماحول دوست توانائی اور خلا سمیت ٹیکنالوجی کی شراکت داری پر زور دیا گیا۔ بھارت ٹیکنالوجی حاصل کرکے اور درآمدات پر انحصار کم کرکے اپنی گھریلو دفاعی صنعت کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں بھارت خاص طور پر روس سے مدد لے رہاے ہے، جو یوکرین میں جاری جنگ کے باوجودبھارت کے فوجی سازو سامان کا سب سے بڑا فراہم کنندہ ہے۔ دوسری جانب چین نے امریکی وزیردفاع کے دورے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت چین کے لیے کوئی سیکورٹی خطرہ نہیں کیونکہ وہ اب بھی بیجنگ کی دفاعی پیداوار اور جدیدیت کے برابر نہیں آسکا ہے۔ چین کے فوجی عہدیداران نے سنگاپور میں منعقدہ شنگریلا ڈائیلاگ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت چینی فو ج کا پاسنگ بھی نہیں ہے۔ چینی فوج کی اکیڈمی برائے ملٹری سائنسز کے سینئر کرنل ڑاؤ شیاؤزو نے کہا کہ اگلی دہائیوں میں بھی بھارت کا چین کی فوج کے مقابل آنے کا امکان نہیں ہے۔