ہیتھرو ائرپورٹ کے سیکورٹی عملے نے ہڑتالوں کا اعلان کردیا

June 08, 2023

لندن (نمائندہ جنگ) تنخواہ میں اضافے کے مطالبے پر ہیتھرو ائرپورٹ کے سیکورٹی عملے نے موسم گرما کے مصروف ترین وقت میں ہڑتالوں کا اعلان کردیا ہے۔ یونائیٹ یونین کے مطابق دو ہزار سیکورٹی کے ارکان 24جون سے 27اگست تک 31روز ہڑتال کریں گے اور یہ تقریباً ہر ویک اینڈ پر کی جائیں گی۔ ہڑتالوں سے ائرپورٹ کے ٹرمنل تھری، فائیو اور کیمپس سیکورٹی متاثر ہوگی۔ مصروف ترین وقت کے سبب مسافروں کو سیکورٹی سے گزرنے کے لئے طویل قطاریں لگانی پڑ سکتی ہیں۔ یونین نے افراط زر سے کم 10.1 فیصد اضافے کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔ سیکورٹی عملے کی گزشتہ ہڑتالیں زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوئی تھیں لیکن اس مرتبہ ہڑتال میں ٹرمنل تھری کا سیکورٹی عملہ بھی شامل ہوگا۔ ہڑتالیں 24، 25جون، 28، 29، 30جون، 14، 15اور 16جولائی، 21، 22، 23، 24جولائی، 28، 29، 30اور 31جولائی، 4، 5، 6اور 7اگست، 11، 12، 13اور 14اگست، 18، 19اور 20 اگست، 24، 25، 26اور 27اگست کو کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ ہیتھرو دنیا کا مصروف ترین ائرپورٹ ہے اور اس کے اثرات بہت زیادہ لوگوں پر پڑیں گے۔ ان ہڑتالوں کے دوران عید، اسکول تعطیلات اور بینک ہالیڈے کے دن بھی آئیں گے۔ ائرپورٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہڑتالوں کے اثرات کو کم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یونائیٹ پہلے بھی غیر موثر ہڑتالوں کے ذریعے ائرپورٹ کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کر چکی ہے اور یہ سادہ سی بات ہے کہ کارکنوں کی اکثریت مہنگائی سے نمٹنے والے تنخواہ میں اضافے کی پیش کو قبول کرنے کیلئے تیار ہے اگر یونین اس بات کی اجازت دے۔ اور یہ کہ تنازع کے حل کیلئے انتظامیہ مذاکرات کیلئے تیار ہے۔