شہری 23 موٹر سائیکلوں سے محروم، 18 افراد سے موبائل چھین لئے گئے

June 08, 2023

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ باالجبر ،چوری ،نقب زنی اور راہ زنی کی وارداتوں میں شہری ایک گاڑی ،23 موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،نقدی اوردیگراشیاء سے محروم ہوگئے ،راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 18افرادسے جھپٹامارکران کے موبائل فون چھین لئے گئے ۔تھانہ گنج منڈی کے علاقہ موہن پورہ میں سید الیاس گیلانی سے نامعلوم مسلح ملزم نے اس کاپرس ،تھانہ پیرودھائی کے علاقہ فوجی کالونی میں دوموٹرسائیکل سوار علی الرحمن سے اسلحہ کی نوک پر موبائل اور28ہزار روپے، تھانہ وارث خان کے علاقہ راول روڈپر تین موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر شرجیل کاموبائل اور بٹوا، تھانہ بنی کے علاقہ انگہت پورہ میں گھرکے باہر بیٹھے محمدقذافی کے بیٹے حسن سے 3نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر موبائل،تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ کمرشل مارکیٹ میں تین موٹرسائیکل سوار محمداسامہ اوراس کے دوست سے اسلحہ کی نوک پر 2موبائل، تھانہ صادق آبادکے علاقہ صادق آباد میں دو موٹر سائیکل سوار محمدسہیل اوراس کے دوست حشام سے اسلحہ کی نوک پر 2موبائل وغیرہ ،تھانہ ویسٹریج کے علاقہ پیرودھائی موڑ پر تین موٹرسائیکل سوار ملک محمد بلال سے گن پوائنٹ پر 2موبائل فون اور35ہزار روپے ،تھانہ نصیرآبادکے علاقہ کشمیر لین میں دوموٹرسائیکل سوار اورنگزیب سے اسلحہ کی نوک پر35ہزار روپے اور شناختی کارڈ،تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ میں افتخار محمود سے نامعلوم ملزم گن پوائنٹ پر15ہزارروپے ،تھانہ دھمیا ل کے علاقہ اشرف کالونی میں محمد عامر سے تین نامعلوم ملزمان گن پوائنٹ پر35ہزارروپے اور موبائل ،تھانہ روات کے علاقہ بانیاں میں دوموٹرسائیکل سوار شا ہ علی سے اسلحہ کی نوک پرموبائل ، جاوامیں تین موٹرسائیکل سوار احسن ندیم سے گن پوائنٹ پراس کا موٹرسائیکل چھین کرلے گئے ۔تھانہ کینٹ کے علاقہ میں پونچھ ہاؤس کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار عکاشہ سرفراز کاپرس چھین کر لے گیا جس میں 16ہزارروپے ،سونا 2تولہ ،چاند ی انگوٹھی ،2 اے ٹی ایم کارڈ اور شناختی کارڈ تھا،تھانہ دھمیال کے علاقہ موہڑہ چھپرمیں محمد جمیل سے تین نامعلوم ملزمان نے گن پوائنٹ پرموبائل اورپرس چھین لئے اوراس کے سرپرپسٹل کابٹ مارکراسے زخمی کردیا۔تھانہ کینٹ کے علاقہ مال روڈپر عبدالحفیظ کو کارمیں لفٹ دے کرایک لاکھ روپے سے محروم کردیاگیا۔گرجا روڈپر مختار احمد کے گھرسے طلائی زیور ات 5 تولے،انعامی بانڈز15سو روپے والے33 اور دیگر سامان اڑا لیا گیا۔ دیگر علاقوں میں بھی چوری کی واردا تیں ہوئیں۔