• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی طلبہ نے ​56 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں تین کانسی کے تمغے جیت لیے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر  (خصوصی تجزیہ نگار) پاکستانی طلبہ نے ​56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں تین کانسی کے تمغے جیت لیے۔ یہ عالمی مقابلہ بوکارامانگا، کولمبیا میں منعقد ہوا۔ مقابلے میں 90 سے زائد ممالک کے 400 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔ تمغے جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں ڈی جی خان کے ذوالفقار علی، راولپنڈی کے حمدان علوی اور اسلام آباد کے دانیال شہزاد حامد شامل تھے۔ لاہور کے حزہ محمود اور راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز نے خصوصی اعزازی اسناد حاصل کیں۔ طلبہ کا انتخاب ایچ ای سی اور پیاس کے تحت 22 ویں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا۔ طویل انتخابی عمل کے بعد منتخب طلبہ کو پیاس کیمپس میں سخت تربیتی مرحلوں سے گزارا گیا۔ پاکستانی طلبہ نے ملکی اور بین الاقوامی ماہرین سے اعلیٰ سطح کی نظریاتی اور تجرباتی  تربیت حاصل کی۔ عالمی مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت پیاس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر محمد وسیم نے کی۔ اب تک 365 سے زائد پاکستانی طلبہ انٹرنیشنل سائنس اولمپیاڈز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں اور مجموعی طور پر 144 تمغے جیتے ہیں۔
اسلام آباد سے مزید