تر سیلی نظام میں بہتری، لائن لاسز پر قابو پانا چاہتے ہیں‘ خرم دستگیر

June 08, 2023

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) ہمارا عزم ایک ترقی یافتہ‘ پرامن اور روشن پاکستان کی تکمیل ہے۔ صارفین تک بجلی کی مستحکم سپلائی‘ بہترین سروسز کی فراہمی‘ بجلی ترسیل کے نظام میں بہتری، لائن لاسز اور پاور ٹرانسفارمرز کے اوور لوڈ ہونے سے ترسیلی نظام کو پہنچنے والے نقصان پر قابو پانا بھی ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پاور ڈویژن خرم دستگیر خان نے 132کے وی گرڈ اسٹیشن آئیسکو سوہاوہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارو مدار پاور سیکٹر پر ہوتا ہے‘ احسن ذمہ داریاں نبھائی جائیں تو ملک اور ادارے ترقی کرتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا کہ سوہاوہ گرڈ اسٹیشن سے گوجر خان گرڈ اسٹیشن پر دباؤ کم ہو گا اور صارفین کو بہتر سروسز میسر ہونگی۔ ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز صاحبزادہ طالب مہدی‘ راجہ اویس خالد‘ ندیم خادم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔