شادی سے متعلق شاہد کپور کا متنازع بیان، سوشل میڈیا پر زیر بحث

June 08, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہد کپور کے شادی سے متعلق بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نیا محاذ کھول دیا ہے۔

خیال رہے کہ شاہد کپور ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ بلڈی ڈیڈی‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، اس مہم کے دوران حالیہ انٹرویو میں شاہد کپور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شادی ایک ایسا سلسلہ ہے جس میں لڑکے بگڑے ہوئے ہوتے ہیں اور لڑکیاں اس بگڑے ہوئے لڑکے کو سدھار کر انسان کا بچہ بناتی ہیں اور اپنی پوری زندگی اس میں ہی وقف کر دیتی ہے۔


تاہم اب اداکار کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نیا محاذ کھول دیا ہے اور کئی صارفین مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ کیا کامیاب شادی میں ایک لڑکی کا کردار صرف اتنا ہی ہے کہ وہ ایک بگڑے ہوئے لڑکے کو سدھارے جبکہ کچھ خواتین صارفین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی شادی سے خوف آتا تھا، اب شاہد کپور کے اس بیان نے مزید پریشان کردیا ہے کیا شادی کے بعد لڑکی کی اپنی کوئی زندگی نہیں رہتی؟

کچھ صارفین بالخصوص خواتین صارفین سوال اُٹھا رہی ہیں کہ اگر شادی کرکے آنے والی لڑکی کا کام ایک بگڑے ہوئے لڑکے کو سدھارنا ہے تو پھر والدین کا کیا کردار ہوتا ہے؟ کیا یہ ان کا کام نہیں کہ وہ اپنے بیٹے کی پرورش پر بھی ویسے ہی دھیان دیں جیسے وہ اپنی بیٹیوں کی کرتے ہیں؟

کچھ صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی فلم ’کبیر سنگھ‘ کے مرکزی کردار کبیر سنگھ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی زندگی میں بھی شاہد کپور کبیر سنگھ ہی ہے۔