بیروزگار ویٹرنری ڈاکٹروں کا اسمبلی کے سامنے احتجاج، ڈگریاں نذر آتش

June 09, 2023

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)بیروزگار ویٹرنری ڈاکٹروں نے لائیو اسٹاک حکام کے رویے کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجاً اپنی ڈگریاں نذر آتش کردیں ، جمعرات کو بےروز گار ویٹرنری ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ویٹرنری ڈاکٹروں کے لئے نئی آسامیاں تخلیق نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ گزشتہ کئی سال سے ویٹرنری ڈاکٹروں کے لئے کوئی آسامیاں تخلیق نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے بلوچستان میں بیروزگار ویٹرنری ڈاکٹروں کی تعداد 1600 سے تجاوز کرگئی ہے اس کے باوجود حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی روایتی طرز پر 100 سے بھی کم نئی آسامی رکھنے کی تجویز دے رہی ہے جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک کو اس وقت 2 ہزار سے زائد ویٹرنری ڈاکٹروں کی ضرورت ہے لیکن سیکرٹری محکمہ لائیو اسٹاک اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیکرٹری لائیو اسٹاک کو تبدیل کیا اور وٹنری ڈاکٹروں کے لئے آسامیوں میں اضافہ کرکے 500 کی جائیں۔