غیر دانشمندانہ فیصلوں کے باعث وومن یونیورسٹی تباہی سے دوچار ہے، نیشنل پارٹی

June 09, 2023

کوئٹہ(پ ر)نیشنل پارٹی کے صوبائی قانون سیکرٹری جلیل لانگو ایڈوکیٹ نے بیان میں کہا ہے کہ ایس بی کے کے اعلیٰ انتظامی افسرنے یونیورسٹی کو اقرباء پروری اور میرٹ کےخلاف فیصلوں اور ناقص حکمت عملی سے تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا۔اعلیٰ انتظامی افسرکا رویہ نہ صرف یونیورسٹی کے عملے بلکہ طلباء کے ساتھ جارحانہ و آمرانہ ہے۔ اسی منفی طرز عمل پر گامزن رہتے ہوئے گزشتہ دنوں طلباء پر پولیس کے ذریعے لاٹھی چارج و تشدد اور طلباء کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کیا گیا جو کہ انتہائی قابل مذمت و قابل افسوس ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہزاروں اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے ایس بی کےکو زمہ داری سونپی گئی ہے۔جس ادارے کے اعلیٰ انتظامی افسر کی ناقص کارکردگی زبان زد عام ہے اس کو سب سے باوقار اور مستقبل کی تعمیر کے شعبے کی تعیناتیوں میں شامل کرنا غیر منطقی ہے ۔جبکہ یونیورسٹی نے بدنام زمانہ ٹیسٹنگ ادارے کو ٹیسٹ منعقد کرنے کی زمہ داری دی۔جو عجب کرپشن کی غضب کی کہانی پیش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیمی ادارے قوموں کے مستقبل کے ضامن ہوتے ہیں لہذا ایس بی کے یونیورسٹی کو دوبارہ معیاری بنانے کےلیے وی سی کو تبدیل کیاجائے اور اساتذہ کی تعنیاتیوں کو ایس بی کے سے لیکر شفاف انداز سے بھرتیاں کی جائیں۔