500 ٹن وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھنے والا دنیا کا سب سے بڑا ٹرک

June 10, 2023

بیل اے زیڈ-75710 بیلاروس کا ٹرک ہے جسے پچھلے 10 سال سے دنیا کا سب سے بڑا ٹرک ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ ٹرک 2013 میں لانچ ہوا تھا جس نے بیل اے زیڈ برانڈ کو دوبارہ نام دلا دیا۔

سوویت یونین کے زمانے میں بیلاروس کے شہر زوڈینو میں یہ کمپنی دنیا کے سب سے بڑے اور طاقتور ٹرک بنایا کرتی تھی۔

سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد مغربی مینوفیکچرر جیسا کہ کیٹرپلر، لائیبھر اور بوکائیرس نے بیل اے زیڈ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

ان تینوں مغربی کمپنیوں نے کسی نہ کسی دور میں دنیا کا سب سے بڑا ٹرک بنایا۔

لیکن بیل اے زیڈ نے ایک دہائی قبل ایسا ٹرک تیار کیا جس نے باقی تمام کمپنیز کو شرما دیا۔

بیل اے زیڈ-75710 ٹرک کا اپنا وزن 360 ٹن ہے، اس کی لمبائی 8.2 میٹر، چوڑائی 9.7 میٹر ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرک پر 450 ٹن وزن لادا جاسکتا ہے لیکن 2014 میں اس ٹرک نے 503.5 ٹن وزن اٹھا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا۔