میئر کراچی، مرتضیٰ وہاب اور حافظ نعیم سمیت 6 امیدواروں کے کاغذات جمع

June 11, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن سمیت6امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جبکہ ڈپٹی میئر کے لیے پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے 8نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں، جمعہ کو کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے میئر، ڈپٹی میئر اور 25ٹائون میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن تھا، آج (اتوار) کو تمام امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو پیپلز پارٹی کے بیرسٹر مرتضی وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن نے میئر کراچی کے لیے نامزدگی فارم جمع کرادیے، میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے محمد جنید مکاتی اور سیف الدین ایڈوکیٹ متبادل امیدوار کے طور پر پہلے ہی کاغذات جمع کراچکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب کورنگ امیدوار کے طور پر نجمی عالم میدان میں ہیں۔