APMSO ایک دیا، روشنی پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہے، خالد مقبول

June 11, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اے پی ایم ایس او کے 45ویں یوم تاسیس کے موقع پر اے پی ایم ایس او کے کارکنان، طلبہ و طالبات اور ایم کیو ایم کے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 45سال قبل 11جون 1978کو جو دیا جلایا گیا تھا آج اس کی روشنی پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہے۔ اے پی ایم ایس او پاکستان کی وہ واحد طلبہ تنظیم ہے جس نے ملک کی بڑی سیاسی طاقت کو جنم دیا جو ملک کے تعلیم یافتہ قابل نوجوانوں کو ملک کے ایوانوں میں بھیجنے کا سبب بنی اور جس کی بدولت ملک میں مڈل کلاس طبقے کیلئے سیاست کے دروازے کھلے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اے پی ایم ایس او گزشتہ 45 برسوں میں نہ صرف ایم کیو ایم کو نئی قیادت فراہم کرتی رہی ہے بلکہ جاگیرداروں اور وڈیروں کے ایوانوں میں قابل سیاسی قیادت فراہم کرنے کا سہرا بھی اے پی ایم ایس او کے سر جاتا ہے، اے پی ایم ایس او کے تعلیم یافتہ نوجوان آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سرانجام دے کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اے پی ایم ایس او صرف سیاسی میدان میں ہی نہیں بلکہ تعلیمی میدان میں بھی طلباء و طالبات کیلئے بھی رہنمائی اور معاونت فراہم کرتی رہی ہے، جو اقوام وقت و حالات کے بدلتے تقاضوں کے مطابق خود کو نہیں ڈھالتی اور اپنی رفتار نہیں بدلتی ان کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔