EOBI پنشن محض ڈیڑھ ہزار روپے بڑھانے پر پنشنرز کا اظہار مایوسی

June 11, 2023

کراچی (پی پی آئی) ای او بی آئی پنشنرز کی تنظیموں نے وفاقی بجٹ میں ای او بی آئی پنشن محض ڈیڑھ ہزار روپے بڑھانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے،پی پی آئی کے مطابق ای او بی آئی کے پنشن یافتگان کی کل پاکستان نمائندہ تنظیم ای او بی آئی پنشنرز فورم نے اس اضافہ کو اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف قرار دیا کیونکہ مہنگائی کے بدترین دور میں ساڑھے آٹھ ہزار روپے کی قلیل پنشن سے مہینہ بھر باعزت گزارہ اور علاج ومعالجہ ناممکن تھا بجٹ میں عائد نئے ٹیکسز کے بعد دوائیں اور اشیائے خوردونوش مزید مہنگی ہو جائیں گی اس لئے یہ اضافہ کسی کام کا نہیں ای او بی آئی پنشن مزید بڑھائی جائے اور ایک فارمولہ کے تحت کم از کم پنشن کو کم از کم تنخواہ سے ہمیشہ کیلئے مساوی کردیاجائے یا پھر عالمی سطح پر خط افلاس سے نیچے کی زندگی گزارنے والوں کیلئے مقررہ پیمانہ 2.09ڈالر کو معیار بنا کر پنشن کا تعین کیا جائے تاکہ جیسے جیسے مہنگائی میں اضافہ ہو کم از کم ای او بی آئی پنشن بھی خود بخود بڑھتی رہے۔