لندن (پی اے) پوسٹ آفس کے ناقص سافٹ ویئر کی وجہ سے غلط طور پر ناکردہ جرم پر سزا پانے والے متاثرہ ملازمین کو 6لاکھ پونڈ فی کس ہرجانہ ادا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ 700کے قریب برانچ منیجرز کو ناقص اکاؤنٹنگ سافٹ وئیر کا شکار بننے کے شواہد ملنے کا امکان ہے۔ لیکن ناکردہ جرم میں 18 ماہ قید کی سزا پانے والے ہرجیندربوٹے نے ہرجانے کی رقم کو ناکافی قرار دے دیا ہے۔ سافٹ ویئر میں نقص کی وجہ سے یہ ظاہر ہوتا تھا کہ ان کے پاس سے رقم غائب ہو گئی ہے اس سلسلے میں اب تک 86افراد کی سزاؤں کو منسوخ قرار دیا جا چکا ہے۔ پوسٹ آفس کے وزیر نے کہا ہے کہ ہرجانے کی جس رقم کا اعلان کیا گیا ہے اس میں اگر مگر کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پوسٹ آفس کے ساتھ 6لاکھ پونڈ سے کم پر تصفیہ کرنے والوں کو بھی بقایا رقم ادا کی جائے گی۔ ناقص سافٹ ویئر کی وجہ سے غلط طور پر سزا پانے والے 76 سالہ لوئل تھومس کاکہنا ہے کہ آپ اس اذیت اور ذہنی کرب کا ہرجانہ کیسے ادا کر سکتے ہیں جس مجھے جیل میں اور میرے خاندان کو معاشرے میں برداشت کرنا پڑی۔ اس الزام اورسزاؤں کی وجہ سے لوگوں کو ایک عذاب کا سامنا کرنا پڑا ان کی پراپرٹیز فروخت ہوگئیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ہرجانے کی پیشکش اس اسکینڈل کو حل کرنے کیلئے کیا گیا ہےجو لوگ یہ ہرجانہ نہیں لینا چاہتے وہ مقدمات کا موجودہ سلسلہ برقرار رکھ سکتےہیں۔پوسٹ آفس کے وزیر کا کہنا ہے کہ ہم یہ ہرجانہ اس لئے ادا کر رہے ہیں کہ لوگوں نے اس کی وجہ سے بہت سے مصائب برداشت کئے ہیں۔ اس کی وجہ سے لوگوں کو مالی نقصان ہوا ان کی ساکھ متاثر ہوئی اور انہیں دیگر بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اس لئے ہم انہیں ان کے گھر پر یہ ہرجانہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے طور پر فراخدلی کا مظاہرہ کر رہی ہے لیکن یقیناً بہت سے لوگوں کیلئے یہ ناکافی ہے انہوں نے کہا کہ اگر اس کی وجہ سے آ پ کو جیل کاٹنا پڑی، اگر آپ کا مکان فروخت ہوگیا، اگر آپ کی شادی ٹوٹ گئی تو خواہ رقم کتنی بھی ہو آپ کے دکھوں کا مداوا نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو 6لاکھ پونڈ سے زیادہ رقم ملنی چاہئے تو آپ موجودہ مقدمے کا عمل جاری رکھ سکتے ہیں جن پوسٹ ماسٹرز کی سزائیں منسوخ کی گئی ہیں ان کو اب تک 21ملین پونڈ سے زیادہ ہرجانہ ادا کیا جاچکا ہے۔