سندھ طاس معاہدہ مسئلہ کشمیر سے مشروط کیا جائے، چوہدری عظیم

September 22, 2023

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کشمیر ی رہنما اور کشمیر کمیٹی کے سابق صدر چوہدری محمد عظیم نے وزیراعظم پاکستان انوارلحق کاکڑ ، وزیر خارجہ پاکستان جلیل عباس جیلانی سے کہا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدہ کو مسئلہ کشمیر کے ساتھ مشروط کریں ۔ چوہدری محمد عظیم نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کشمیر متنازع علاقہ ہے، بھارت مسئلہ کشمیر کو خود اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیر ی عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا، آج 78سال ہو گئے بھارت نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ بھارت کے حکمران اقوام متحدہ کی قراردادوں کو تسلیم نہیں کرتے اس کے ساتھ بھارت کے حکمرانوں نے تاشقند، لاہور ایکارڈ، شملہ معاہدہ کو منسوخ کرتے ہوئے ایکٹ 35 اے اور ایکٹ 370 کو ختم کر دیا۔ اسی کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ کے تحت تین دریا راوی، ستلج، بیاس کا پانی بھارت کو دینے جب کہ دریائے جہلم، دریائے سندھ، دریائے چناب کا پانی پاکستان کے حصہ میں آیا تھا ۔پاکستان کے سابق صدر فیلڈ مارشل ایوب خان اور بھارت کے سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے درمیان معاہدہ کوہ مری میں ہوا تھا۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا سندھ طاس معاہدہ کے کشمیر ی عوام فریق نہیں بلکہ سندھ طاس معاہدہ کشمیر ی عوام پر مسلط کیا گیا، وزیراعظم آزاد کشمیر سندھ طاس معاہدہ کی حیثیت کو عالمی عدالت میں چیلنج کریں، بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل ہو نے تک مقبوضہ کشمیر میں ڈیم تعمیر کرنے کی پابندی عائد کی جائے، بھارت پہلے مسئلہ کشمیر کوحل کرے۔