برمنگھم (ابرار مغل) نبی کریمﷺ کی ولادت بسعادت کا جشن برطانیہ بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ مرکزی جامع مسجد ڈڈلی کے زیر اہتمام جشن میلاد النبیﷺ کا سالانہ جلوس نکالا گیا جس کی قیادت چیئرمین مسجد کمیٹی الحاج چوہدری محمد اورنگزیب امام خطیب مسجد ، علامہ حافظ محمد اکرم اور دیگر جید علمائے کرام نے کی۔جلوس مقررہ راستوں سے گزرا تو فضا نبی کریم ﷺکی عظمت و شان سے گونج اٹھی ،جلوس میں ڈڈلی سمیت گردونواح سے بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی ۔شرکائے جلوس آمد مصطفیﷺ مرحبا مرحبا کے نعرے بلند کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں اور بازاروں سے گزرے ۔جلوس کا اختتام مرکزی جامع مسجد ڈڈلی میں دعا کے ساتھ ہوا۔ انتظامیہ کی جانب سے شرکا کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ نبی کریم آقائے دوجہاںﷺ سے عقیدت و محبت جزو ایمان ہے، ہمیں سیرت نبویﷺ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کی فلاح و بہبودکیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔اختتام جلوس علامہ حافظ اکرم کی سرپرستی میں سالانہ محفل میلاد النبیﷺ کا بھی انعقاد کیا گیا۔