مایا علی کا عمرے کی ادائیگی پر پیغام جاری

September 27, 2023

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی اداکارہ مایا علی نے اہلِ خانہ کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کر لی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نے اپنی عمرے کی ادائیگی کی مختلف تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ موجود ہیں۔

انہوں نے مذکورہ تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’الحمد لِلّٰہ اس کی تمام نعمتوں کے لیے، ہم سب اتنے عرصے سے ایک ساتھ عمرہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور بلآخر اللّٰہ تعالیٰ نے ہماری تمام دعائیں قبول کر لیں، اللّٰہ سب کو اس مقدس مقام کی زیارت کا موقع عطا فرمائے، آمین‘۔

اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ان تصاویر میں انہیں اپنی والدہ، بھائی، بھابھی اور بھتیجی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے بڑی تعداد میں ان کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اداکارہ اور اہلِ خانہ کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔