نارتھ ویسٹ میں بھی میلاد النبیﷺ کے اجتماعات

September 29, 2023

گریٹر مانچسٹر/بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کے دیگر شہروں کی طرح یہاں نارتھ ویسٹ میں بھی میلاد النبیﷺ کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی عاشقان رسول نے جوش و خروش کے ساتھ میلاد النبیؐ منایا جا رہا ہے اور اجتماعات منعقدکئے جارہے ہیں۔ آمد مصطفیٰ ﷺکے بڑے بڑے سائن بورڈ مساجد کے ساتھ ساتھ مکانوں دکانوں میںآویزاںکئے گئے اسی طرح نقشبندیہ اسلمیہ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مکہ مسجد بولٹن کے اندرونی اور بیرونی حصوں کو بجلی کے قمقموں اور لائٹوں کے ساتھ سجا دیا گیا جو رات کے وقت سڑکوں سے گزرنے والوں کو ایک حسین منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس سلسلے میں فاؤنڈیشن کے زیراہتمام عالمی مبلغ اسلام خواجہ صوفی پیر محمد اصغر اسلمی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہو ا جس میں ڈاکٹر صوفی تصدق حسین، صوفی عثمان حسین، عادل شاہ، صوفی ابراہیم، صوفی اورنگزیب، صوفی قاسم حسین اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اتوار یکم اکتوبر کو بولٹن سے نکلنے والے مرکزی جلوس کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ بولٹن کے علاوہ برطانیہ اور یورپ کے علمائے کرام اور مشائخ عظام کو دعوت دی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں اس تاریخی جلوس کی نگرانی کیلئے گریٹر مانچسٹر پولیس کے ہمراہ رضاکار دستے بھی تیار کئے جا رہے ہیں جو جلوس کے راستوں کو کنٹرول کریں گے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا اس سال بھی برطانیہ بھر سے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد جلوس میں شرکت کرے گی۔