• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منہاج القرآن اسپین کے زیر اہتمام میلاد مصطفیﷺ کانفرنس کا انعقاد

بارسلونا(جواد چیمہ) منہاج القرآن انٹرنیشنل اسپین کے زیراہتمام بارسلونا سنٹر کے ہال میں میلاد مصطفیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت صہیب نے حاصل کی۔کانفرنس کی پروفیسرڈاکٹرعلامہ طاہر القادری کے فرزند پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے صدارت کی اورخصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں قونصل جنرل مراد علی وزیر،ڈاکٹر بشریٰ ریاض،فرح خالد،صفہ چوہدری،حفصہ شبیرنےخطاب کیا۔محمد علی جرال، شہبازسمیع اورمقامی نعت خواں قدیر احمد خان اور اسمہ رحمن نے ہدیہ نعت ﷺ پیش کیا۔ پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب میں میلاد مصطفیٰﷺکا پیغام دیا جو حسن اخلاق، بڑوں کا احترام، نوجوان نسل کا خیال رکھنا، دیانتداری، اللہ کے دونوں حقوق ادا کرنے کے اصولوں کے گرد گھومتا ہے، ساتھ ہی انسانوں کے حقوق، حلال روزی کمانا، اپنے بچوں کو ایمان پہنچانا اور گناہوں سے بچنے کی کوشش کرنا ہے، انہوں نے ان اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ و محدثین (علمائے حدیث) کے نزدیک اگر کوئی شخص اپنے آپ کو حضرت محمد ﷺکا غلام نہ سمجھے تو حقیقی معنوں میں ایمان کی مٹھاس کا تجربہ نہیں کر سکتا۔ مکمل ایمان کیلئے نبیﷺسے گہرا تعلق اور یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہم ان کی ملکیت ہیں۔ صحابہ کرامؓ کے عقیدے کے حوالے سے انہوں نے ان کی حضورﷺسے گہری محبت، احترام اورغیرمتزلزل عقیدت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ اپنے چیلنجز پر قابو پانا چاہتی ہے اور ایک بار پھر اٹھنا چاہتی ہے تو اسے اپنے طرز زندگی میں رسولﷺ سے محبت اور احترام کی اقدار کو شامل کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ جب دل عشق رسول سے لبریز ہوں گے تو فطری طور پر آپﷺ کی تعلیمات پرعمل ہو گا اور معاشرہ صحیح معنوں میں مصطفوی (رسولﷺکا) معاشرہ بن جائے گا۔
یورپ سے سے مزید