نگراں وزیرِ خارجہ عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے برسلز پہنچ گئے

November 27, 2023

پاکستان کے نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی—فائل فوٹو

پاکستان کے نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی 2 روزہ سرکاری دورے پر یورپین دارالحکومت برسلز پہنچ گئے۔

برسلز انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر پورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے وزیرِ خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

یورپی حکام کی دعوت پر نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی کل (28 نومبر 2023 کو) برسلز میں ’مہاجرین کی اسمگلنگ کے خلاف عالمی اتحاد‘ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

صدر یورپین کمیشن ارسلا واندرلین کی زیرِ صدارت وزارتی سطح پر منعقدہ اس کانفرنس میں یورپی یونین کے رکن ممالک، یورپی پارلیمنٹ، یورپی یونین کے انصاف اور امورِ داخلہ کی ایجنسیاں اور شراکت دار ممالک کے ساتھ ساتھ مختلف بین الاقوامی تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔

کانفرنس میں وزیرِ خارجہ غیر قانونی نقل مکانی کو روکنے کے لیے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے اور یورپی یونین کے ساتھ حال ہی میں شروع کیے گئے مائیگریشن اینڈ موبلٹی ڈائیلاگ کے فریم ورک کے حوالے سے ہجرت کے قانونی راستے کو ایک قابل عمل متبادل کے طور پر پیش کریں گے۔

اس دوران وزیرِ خارجہ برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے اہم عہدیدران سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی کا یہ دورہ یورپی کمشنر برائے مائیگریشن آف ہوم افیئرز یلوا جوہانسن کی دعوت پر ہو رہا ہے۔