گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش، واشنگٹن پوسٹ کے چونکا دینے والے انکشافات

November 29, 2023

فوٹو: فائل

امریکا میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش سے متعلق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے مزید چونکا دینے والے انکشافات کردیے۔

امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکا نے بھارت سے گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم کے برنس نے اس سلسلے میں اگست میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔

امریکی نیشنل انٹیلیجنسس ڈائریکٹر ایورل ہینس بھی ولیم برنس کے ہمراہ بھارت گئے۔

واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ قتل کی سازش سامنے آنے پر امریکا نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا نے دوبارہ ایسا نہ کیے جانے کی بھارت سے ضمانت بھی طلب کی تھی۔

امریکی فیڈرل پراسیکیوٹرز کی جانب سے مین ہیٹن میں ایک بھارتی شہری نکھل گپتا پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

نکھل گپتا پر گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کیلئے ایک شخص کی خدمات لینے کا الزام ہے۔

اس سلسلے میں امریکی اخبار نے اپنے رپورٹ میں کہا کہ نکھل گپتا امریکا میں نہیں، اس پر قاتل کو 15 ہزار ڈالر ایڈوانس دینے کا الزام بھی ہے۔

امریکی پراسیکیوٹرز کے مطابق نکھل گپتا نے بھارتی اہلکار سمیت کئی افراد کے ساتھ مل کر سازش کی تھی۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد ناکام بنائی گئی۔

اس نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ستمبر میں جی 20 اجلاس کے موقع پر بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا تھا۔

دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کی فراہم کردہ معلومات کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔