اسرائیلی گلوکاروں کا بیلا حدید، دعا لیپا اور میا خلیفہ کے قتل کا مطالبہ

December 04, 2023

فائل فوٹو

اسرائیلی معروف میوزک بینڈ ’نیس وی اسٹیلا‘ (Ness Ve Stilla) نے جنگی ترانہ جاری کر کے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی بیلا حدید، دعا لیپا اور میا خلیفہ سمیت دیگر تمام فنکاروں کے قتل کا مطالبہ کر دیا۔

خیال رہے کہ نیسیا لیوی اور ڈور سوروکر نامی گلوکاروں پر مشتمل اسرائیل بینڈ ’نیس وی اسٹیلا‘ نے حال ہی میں جنگی ترانہ ’چاربو دربو‘ جاری کیا ہے جو گزشتہ ہفتے اسرائیل میں سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتا رہا۔

مذکورہ گانے میں ان گلوکاروں نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مخالفت اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے فنکاروں کے قتل کا مطالبہ کیا ہے۔

ان گلوکاروں نے عبرانی زبان میں ’چاربو دربو‘ کے ٹائٹل سے گانا ریلیز کیا ہے جس کے معنی ’ تلواروں اور حملے‘ کے ہیں۔

انہوں نے اس گانے کے ذریعے اسرائیل کی جارحیت کی مخالفت کرنے والے کئی فنکاروں بالخصوص بیلا حدید، دعا لیپا اور میا خلیفہ کے قتل کا مطالبا کیا، صرف یہی نہیں بلکہ اس گانے میں گلوکار جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والوں پر جہنم کی آگ برسنے کی دعائیں بھی کرتے دکھائی دیے۔