کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم اب بڑی ٹیموں کو بھی ہرانے لگی ہے، پہلے جنوبی افریقا اور اب نیوزی لینڈ کو ہرایا ہے۔پی ایس ایل میں تین نمائشی میچز کا بہت فائدہ ہوا ہے۔لیگ میں نمائشی میچزمیں غیرملکی کھلاڑیوں سے بہت کچھ سیکھا جو اب کام آیا۔ نداڈار نے کہا کہ صرف تین نمائشی میچزسے اتنا کچھ سیکھے اگرویمنز لیگ ہوگی توکھیل میں مزید نکھارآئے گا۔جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ واش کیا نیوزی لینڈ کے خلاف بھی وائٹ واش کی کوشش ہوگی ۔ کھلاڑیوں میں ذمے داری کا احساس بڑھا ہے، اب ٹیم کو بلندی کی جانب جانا ہے۔ پلیئر آف دی میچ ایوارڈ عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے پر بہت خوشی ہے۔ کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ کسی بڑی ٹیم کو ہرانے کا خواب بالآخر پورا ہوگیا ۔ کافی عرصے سے کوشش میں تھے کہ کسی بڑی ٹیم کو ہرائیں۔ یہ یادگار جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ بیٹنگ کے دوران یہی کوشش تھی کہ جو بھی گیند ملے اسے چوکے اور چھکے میں بدل دوں ۔ کوشش ہوگی کہ سیریز کو تین صفر پر ختم کریں۔ سابق کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ تاریخی فتح یادگار لمحات ہیں، خواتین ٹیم پر دباؤ تھا کہ اچھے نتائج نہیں آرہے۔ بڑی جیت سے مورال بلند ہوتا ہے، جیت کے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، خواتین ٹیم کو سپورٹ ملی ہے اور امید ہے اور سپورٹ ملتی رہے گی۔