صدر تا سیکرٹریٹ میٹرو بس ٹریک کی مکمل مینٹی ننس کا فیصلہ

December 06, 2023

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس ٹریک صدر تا سیکرٹریٹ کی مکمل مینٹی ننس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چند ہفتوں میں اس حوالے سے ٹینڈر جاری ہونے کا امکان ہے۔یہ کام بھی آر ڈی اے کے ذریعے کرایا جائے۔میٹرو بس سروس سے منسلک فیڈر روٹس پر بسوں کو چلانے کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی پنجاب ملکر فزیبیلٹی پر کام کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایلیویٹرز اور ایکسویٹرز کو سوفیصد فنکشنل کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ اسی فیصد ایلیویٹرز اور ایکسویٹرز آپریشنل ہیں۔ میٹرو اتھارٹی کی طرف سے کنٹریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ مریضوں اور ضعیف افراد کی سہولت کیلئےہسپتالوں کے قریبی میٹرو اسٹیشنز کے ایلیویٹرز اور ایکسویٹرز ہر حال میں سوفیصد آپریشنل رکھے جائیں ۔ذرائع کے مطابق سکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن کی بحالی کے لئےسول اور الیکٹریکل ورک جاری ہے۔سٹیشن کو آپریشنل کرنے کیلئے بحالی کام کی تکمیل کیلئے31دسمبر کی ڈیڈلائن ہے۔