سعودی عرب کے ساتھ تجارت بڑھانے کیلئے بھرپور کوشش کی جارہی ہے، گوہر اعجاز

February 21, 2024

نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز(فائل فوٹو)۔

وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کیلئے بھر پور کوشش کی جارہی ہے۔

نگراں وزیر تجارت کاروباری وفد کے ہمراہ دورہ سعودی عرب پر ریاض میں ہیں۔ وزارت تجارت کے حکام کے مطابق گوہر اعجاز کی سعودی وزیر تجارت سے وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔

وزارت تجارت کے حکام نے مزید بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ تعمیرات، ڈیجیٹل اکانومی اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

وزارت تجارت کے حکام نے بتایا کہ وفد میں عارف حبیب، محمد علی ٹبہ اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شامل ہیں۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کیلئے بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں۔

سعودی وزیر تجارتماجد الکسبی نے اس موقع پر دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے پر خراج تحسین کیا۔ماجد الکسبی نے مزید کہا کہ پاکستانی ہمارے بھائی ہیں، ان کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

سعودی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب میں ملازمتوں کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کی معیشت تبدیل ہو رہی ہے۔