بیوٹمز کےملازمین تنخواہوں سے محروم، گھروں کے چولہے ٹھنڈے

February 22, 2024

کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر)بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے ملازمین گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں ، ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ، جامعہ کے بحران کے حل کے لئے صوبائی حکومت سے اضافی گرانٹ بھی نہ مل سکی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی دوسری بڑی جامعہ بیوٹمز کے ملازمین کو گزشتہ تین ماہ سے صرف بنیادی تنخواہ ادا کی جارہی ہے جس سے ملازمین کا گزر بسر انتہائی مشکل ہوگیا ہے ۔ بیوٹمز کے ذرائع کے مطابق جامعہ کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے جبکہ اسکا مالی خسارہ 1 ارب 20 کروڑ روپے تک تجاوز کرچکا ہے ۔ دوسری جانب بلوچستان حکومت کی جانب سے جامعہ کے لئے اضافی گرانٹ تاحال مہیا نہیں کی جاسکی اضافی گرانٹ کی فائل ہر مختلف اعتراضات بھی اٹھا دئیے گئے ہیں جس سے معامالہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے ۔ بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر نعمان خان کاکڑ، کابینہ کے دیگر ارکان نے حکومت بلوچستان اور جامعہ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جامعہ کے ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اپنی تمام جمع پونچی خرچ کر چکے ہیں، ملازمین کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑ گئے ہیں لہذا صوبائی حکومت فوری طور پر جامعہ کو گرانٹ کی ادائیگی یقینی بنائے۔