سوشل میڈیا کو منفی پروپیگنڈے کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے، حکومت

February 23, 2024

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے،سوشل میڈیا کو منفی پروپیگنڈے کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے، ملک میں لاقانونیت اور انارکی کو پھیلنے نہیں دیاجائے گا، کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پر اکسانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں، پاکستان کسی بھی صورت اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں بے بنیاد، جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلائیں، ان پلیٹ فارمز کی طرف سے اس عمل کو نہ روکا گیا تو ریاست کو سخت اقدامات کراناپڑیں گے۔ جمعرات کو یہاں وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل19کے تحت اظہار رائے کی آزادی لا محدود نہیں بلکہ قانون کے تابع ہے۔