صحافیوں کو تحفظ کیلئے قوانین پر کام کرنیکی ضرورت ہے ، پیس اینڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن

February 28, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)غیرسرکاری تنظیم پیس اینڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام امن کے لئے مذہبی اسکالرز اور صحافیوں کو بااختیار بنانے کے عنوان سے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں و مذہبی اسکالرز نے شرکت کی ۔ ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینرز سینئر صحافی منظور احمد اور پروفیسر محمد عارف نے شرکاء کو پیس جرنلزم ، کانفلیکٹ جرنلزم اور صحافیوں کا امن کی تعمیر سے متعلق کردار اور میڈیا کی اہمیت پر لیکچر دیئے ، سینئر صحافی منظور احمد نے کہا کہ بلوچستان میں 42 صحافی پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں گنوا چکے ہیں ، تمام چیلنجز کے باوجود صحافی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق قوانین پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے کے صحافی بلا خوف و خطر اپنی خدمات انجام دے سکیں ۔پروفیسر محمد عارف نے شرکا کو کانفلیکٹ رپورٹنگ اور فیک نیوز کے تدارک سے متعلق آگاہی فراہم کی ۔ ورکشاپ میں مہمان خاص شہزان ولیم نے شرکاء کو امن کے لئے مذہبی اسکالرز اور صحافیوں کو بااختیار بنانے سے متعلق تفصیلی طورپر آگاہی فراہم کی ورکشاپ کے اختتام پر شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ۔