کیا آپ جانتے ہیں ایس ایس راجا مولی نے بجرنگی بھائی جان مسترد کردی تھی؟

February 28, 2024

کولاج فوٹو: فائل

جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے نامور ہدایتکار و فلم ساز ایس ایس راجامولی نے سلمان خان کی سپر ہٹ فلم بجرنگی بھائی جان مسترد کردی تھی۔

سال 2015 میں ریلیز ہونے والی سلمان خان اور کرینہ کپور کی فلم بجرنگی بھائی جان نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور اس فلم نے پاکستانی صحافی چاند نواب کا کردار نبھانے والے اداکار نواز الدین صدیقی کو بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

فلم کی ہدایتکاری کبیر خان نے کی تھی تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق اس فلم کی ہدایتکاری کےلیے ایس ایس راجامولی کو پیشکش کی گئی تھی۔

جی ہاں آپ نے بالکل درست پڑھا، فلم آر آر آر اور باہوبلی جیسی بلاک بسٹر فلمیں دینے والے راجامولی کو ہی اس فلم کی ہدایتکاری کی پیشکش کی گئی تھی۔

فلم کا اسکرپٹ راجامولی کے والد وجیندرا پرساد نے لکھا اور اس حوالے سے انہوں نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ جب میں فلم بجرنگی بھائی جان کا اسکرپٹ اپنے بیٹے کے سامنے پڑھا تو اسکی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے بیٹے سے پوچھا کہ میں اس فلم کی کہانی اس کےلیے رکھ لوں یا پھر یہ کسی اور کو دے دوں تو انہوں نے جواب دیا کہ کسی اور کو دے دیں۔

وجیندرا پرساد نے مزید بتایا کہ جب فلم بجرنگی بھائی جان ریلیز ہوئی تو راجامولی میرے پاس آئے اور کہا کہ آپ نے مجھ سے فلم کے بارے میں غلط موقع پر پوچھا، میں باہوبلی کے کلائمکس کی شوٹنگ کو لے کر بہت پریشان تھا، ہاں اگر آپ اس دن سے دس دن پہلے یا دس دن بعد پوچھتے تو یقیناً میں اسکا جواب ہاں میں دیتا۔