بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے سلمان خان کی فلم ’ بجرنگی بھائی جان‘ کو پیچھے چھوڑ دیا اور دنیا بھر میں باکس آفس پر دوسری سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلم بن گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ابھی تک فلم ’پٹھان‘ کی دنیا بھر میں باکس آفس پر کمائی 8 سو کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، فلم’پٹھان‘ 8 سو کروڑ بھارتی روپے سےزائد کا بزنس کرنے کے بعد فلم’بجرنگی بھائی جان‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔
البتہ مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم’دنگل‘اب بھی پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امید کی جارہی ہے کہ فلم ’پٹھان‘ کا باکس آفس پر بزنس ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کرجائے گا لیکن پھر بھی فلم’دنگل‘کو پیچھے چھوڑنا مشکل ہے کیونکہ فلم’دنگل‘ نے 1125 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا جس کا کریڈٹ چین کی وسیع مارکیٹ کو جاتا ہے۔
اب تک بالی ووڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں شامل تمام فلمیں چین میں ریلیز ہوئی تھیں۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ فلم’پٹھان‘ چین میں ریلیز ہوئے بغیر اس فہرست میں شامل ہونے والی واحد بالی ووڈ فلم ہے۔
اب تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹاپ 10 بالی ووڈ فلمیں درج ذیل ہیں؛
1- دنگل - 1914 کروڑ بھارتی روپے
2- پٹھان - 880 کروڑ بھارتی روپے (15 دن)
3- بجرنگی بھائی جان - 867 کروڑ بھارتی روپے
4- سیکرٹ سپر اسٹار - 835 کروڑ بھارتی روپے
5- پی کے - 757 کروڑ بھارتی روپے
6- سلطان - 613 کروڑ بھارتی روپے
7- سنجو - 585 کروڑ بھارتی روپے
8- ٹائیگر زندہ ہے - 566 کروڑ بھارتی روپے
9- پدماوت - 565 کروڑ بھارتی روپے
10- دھوم 3 - 558 کروڑ بھارتی روپے