سوئی گیس کمپنی نے شہر کو طبقاتی بنیاد پر تقسیم کردیا‘ جمعیت پاکستان

February 29, 2024

کوئٹہ(پ ر) جے یو آئی پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبد المالک ‘ صوبائی رابطہ کمیٹی کے ارکان مولانا محمد عالم لانگو، حاجی امین اللہ امین، حاجی عبدالصادق نورزئیم حاجی قاسم شاہم مولانا محمد اقبال عثمانی اور ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کھوسہ نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص پشتون آباد میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ اور بلاجواز بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی گیس کمپنی نے شہر کو طبقاتی بنیاد پر تقسیم کرکے بعض علاقوں کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا ہواہے، گزشتہ دس روزسے نامعلوم وجوہات کی بنا پر پشتون آباد سرہ غوڑگئی سمیت مختلف علاقوں کو گیس کی سپلائی بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ گیس پائپ لائنز کو پہنچنے والے نقصان کی صورت میں شہر کے پوش علاقوں کو گیس کہاں سے فراہم کی جاتی ہے اور گیس کی مبینہ قلت کا خمیازہ بھی صرف مخصوص علاقوں کے عوام کو ہی کیوں بھگتنا پڑتا ہے، جبکہ اصول یہ ہے کہ حکومت کے زیر انتظام وسائل کی فراہمی سے تمام علاقوں کو یکساں مستفید اور قلت کی صورت میں یکساں متاثر ہونا چاہئے،انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کمپنی کی جانب سے میٹر ریڈنگ سے ہٹ کر گیس کے بل بنائے جاتے ہیں اور کمپنی کے آفیسرز کی پرتعیش زندگی کی قیمت غریب عوام سے وصول کی جاتی ہے۔بیان میں گیس کمپنی سے مطالبہ کیا گیا کہ پشتون آباد اور سرہ غوڑگئی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی بلاجواز بندش کا سلسلہ ختم کیا جائے بصورت دیگر عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔