خیبرپختونخوا اسمبلی، سنی اتحاد کونسل کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے حلف اٹھا لیا

February 29, 2024

سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوکر حلف اٹھا لیا۔

نومنتخب اسپیکر بابر سلیم سواتی سے اسپیکر مشتاق غنی نے حلف لیا۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے الیکشن کے لیے 106 ووٹ ڈالے گئے، بابر سلیم سواتی نے 89 اور احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ لیے۔

علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوئیں، انہیں 87 ووٹ ملے جبکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ارباب وسیم کو 19 ووٹ ملے۔

ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 106 ووٹ ڈالے گئے تھے۔

بعدازاں اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے ڈپٹی اسپیکر سے حلف لیا۔

اسپیکر کے عہدے کیلئے بابر سلیم سواتی اور احسان اللہ میاں خیل مدمقابل تھے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے ثریا بی بی اور ارباب وسیم کے درمیان مقابلہ تھا۔

بابر سلیم سواتی اور ثریا بی بی کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین کی حمایت حاصل تھی جبکہ احسان اللہ میاں خیل اور ارباب وسیم کو پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اور ن لیگ کی حمایت حاصل تھی۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ثریا بی بی نے پہلا ووٹ پول کیا تھا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی ف کے 9 ارکان ایوان میں موجود نہیں ہیں۔

جے یو آئی ف نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی ثوبیہ شاہد نے حکومتی اراکین کو ٹھینگا دکھایا۔

ثوبیہ شاہد ووٹ ڈالنے کیلئے اٹھیں تو گیلریز سے کارکنان نے جملے کسے جس پر صوبیہ شاہد نے علی امین گنڈاپور کو بھی شکایت کی۔

گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا اسمبلی کے بے نظمی کا شکار ہونے والے افتتاحی اجلاس میں مسلم لیگ ن کی رکن ثوبیہ شاہد گھڑی لہراتی ہوئی ایوان میں داخل ہوئی تھیں۔