جے کے ایل ایف برطانیہ زون کی ’’یٰسین ملک بچاؤ‘‘ کانفرنس

March 02, 2024

وٹفورڈ ( نمائندہ جنگ ) یٰسین ملک اور دیگر سیاسی قائدین کو رہا کیا جائے،کشمیری رہنما کی زندگی کو خطرہ ہے،اقوام متحدہ جموں کشمیر میں فیکٹ فائنڈگ مشن بھیجے، 15 اپریل کو پارلیمنٹ ہاوس برطانیہ میں یسین ملک اور دیگر اسیران کی رہائی کیلئے کانفرنس منعقد ہوگی۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کی زیر اہتمام لیڈز سیوک سنٹر میں بلائ گئی برطانوی رکن پارلیمنٹ اور لوکل کونسلرز کی ’’ یسین ملک بچاؤ‘‘کے نام سے کانفرنس میں شرکت۔ کانفرنس میں لبریشن فرنٹ کی طرف سے اپنے چیئرمین یسین ملک کی سلامتی کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور ارکان پارلیمنٹ پر واضح کیا کہ بھارتی توسیع پسندانہ عزائم اور مودی حکومت کی فاشسٹ پالیسیوں کی وجہ یسین ملک کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ مندوبین نے کشمیر میں جاری کالے قوانین پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ممبر پارلیمنٹ رچرڈ بورگن نے کہا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنی آواز بلند کرنے کا اعادہ کرتے ہیں اور اس ضمن میں 15 اپریل کو برطانوی پارلیمنٹ میں ایک کانفرنس کروائیں گے۔ ایم پی رچرڈ بورگن کے علاوہ دیگر مقررین کونسلر عارف حسین، کونسلر اصغر علی، کونسلر جاوید اختر ، کونسلر سلمیٰ عارف، کونسلر محمد رفیق، کونسلر اصغر خان، کونسلر زارا ء حسین، سابق کونسلر غلام حسین، نسیم اقبال ایڈووکیٹ، مرزا صائب بیگ، خواجہ حسن، صابر گل، لیاقت لون، امجد نواز خان اور تنویر ملک نے بھی ’’ یسین ملک بچاؤ‘‘کانفرنس میں خطاب کیا۔