الیکشن کمیشن کے فیصلے سے سیاست میں تلخیاں مزید بڑھیں گی، تجزیہ کار

March 05, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میزبان مبشر ہاشمی کے سوال الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد کردی، کیا الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے سیاست میں تلخیاں مزید بڑھیں گی.

سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہیں کروائی تھی اس لئےآئینی و قانونی طور پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست ہے،پروگرام میں تجزیہ کارارشادبھٹی ،محمل سرفراز ،سلیم صافی اور فخردرانی نے اظہارخیال کیا۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دے کر ایک اور متنازع، متصعبانہ ، جانبدارانہ فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن نے اس فیصلے سے ایک بار پھر ووٹ کی عزت کو پامال کیا ہےالیکشن کمیشن کے فیصلے سے سیاست میں تلخیاں مزید بڑھیں گی، اس وقت ملک کو میثاق مفاہمت کی ضرورت ہے لیکن الیکشن کمیشن کے فیصلے نفرت بڑھارہے ہیں، الیکشن کمیشن جیسے ادارے ہر چیز کا ستیاناس کردیتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو میثاق مفاہمت قبول کرنا چاہئے لیکن نہیں کریں گے۔

محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ درست نہیں ہے، پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لیا گیا تب بھی گنجائش نکالی جاسکتی تھی، الیکشن کمیشن کے ایسے فیصلوں سے سیاسی انتشار بڑھتا جائے گا۔