سمندر میں تیرتے 2 منزلہ گھر کی کہانی سامنے آ گئی

April 14, 2024

فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا

امریکا کے شہر سان فرانسسکو کی خلیج میں کئی دنوں سے تیرتے نظر آنے والے 2 منزلہ گھر نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کیا ہوا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس گھر کو کچھ روز قبل پہلی بار سان فرانسسکو کی خلیج میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد اس تیرتے ہوئے گھر کے بارے میں متعدد قیاس آرائیاں ہونے لگیں۔

اس گھر نے کچھ لوگوں کو فلم ’Up‘ کی یاد دلا دی جس میں ایک ایسا ہی گھر سمندر کے بجائے آسمان میں اڑتا ہوا نظر آتا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس گھر نے شہر کے دوسرے کنارے ریڈ ووڈ سٹی کی بندرگاہ سے سمندر میں تیرنا شروع کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ریڈ ووڈ سٹی کی بندرگاہ چند سال قبل پانی پر رہنے والے 100 سے زائد افراد کا رہائشی علاقہ تھی لیکن اب حال ہی میں قریبی رہائشی شہریوں نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جس کے بعد یہ ہاؤس بوٹس کے ذریعے بندرگاہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔

اب یہ ہاؤس بوٹ ریڈ ووڈ سٹی سے دو دن کا سفر کرکے سان رافیل پہنچ گئی ہے۔