رخشان ڈویژن کو آفت زدہ قرار اور قرضے معاف کئے جائیں‘ انجینئر عثمان

April 16, 2024

کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام کے رہنما و رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہا ہے کہ رخشان ڈویژن کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے زمینداروں کے قرضے اور بجلی کے بل معاف کئے جائیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے رخشان ڈویژن بری طرح متاثر ہوا جہاں عوام کی کھڑی فصلیں تباہ اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ سڑکیں تباہ ہونے سے مختلف علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں سے نوشکی سمیت پورا رخشان ڈویژن شدید متاثر ہوا اور ہرجانب تباہی کے آثار نظر آرہے ہیں۔ عوام اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے زمینداروں کی سال بھر کی کمائی پانی کی نذر ہونے سے وہ نان شبینہ کے محتاج ہوگئے، ادھر پورے علاقے میں بارشوں کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے عوام کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔سڑکیں پانی میں بہہ جانے کی وجہ سے مختلف علاقوں سے عوام کا رابطہ منقطع ہوگیا ۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر رخشان ڈویژن کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے زمینداروں کے قرضے اور بجلی کے بل معاف کئے جائیں جبکہ اس کے ساتھ بارش سے متاثرہ علاقوں کے عوام کے لئے فوری طور پر ریلیف کے اقدامات کئے جائیں۔