نیوزی لینڈ سیریز کی پلاننگ پر بورڈ چیف کو کپتان بابر اور کوچ کی بریفنگ

April 18, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اسلام آباد میں کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ اظہر محمود کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس موقع پر سینئر منیجر اور سلیکٹر وہاب ریاض بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے اور ٹیم پلاننگ پر بات چیت ہوئی۔تمام17 کھلاڑی روٹیشن پالیسی کے تحت کھیلیں گے۔ ٹیم آفیشلز نے چیئرمین محسن نقوی کو سیریز کی پلاننگ کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے ٹیم آفیشلز کو نیوزی لینڈ کو آسان حریف نہ سمجھنے کا کہا اور انہوں نے ہوم سیریز میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔