برطانیہ میں 5 سے 7 سال عمر تک 25 فیصد بچے اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں

April 21, 2024

لندن (نمائندہ جنگ) کمیونی کیشن ریگولیٹر آف کام کی ایک تحقیقی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ برطانیہ میں پانچ سے سات برس کی عمر کے تقریباً 25فیصد کے پاس اسمارٹ فون موجود ہیں۔ سوشل میڈیا کے استعمال میں بھی گزشتہ برس کے دوران عمر کے گروپوں میں اضافہ ہوا ہے 13برس سے کم عمرہر پانچ میں سے دو بچے واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں جبکہ واٹس ایپ استعمال کرنے کی عمر کم از کم 13برس ہے۔ آف کام کا کہنا ہے کہ یہ اعدادوشمار ’’ویک اپ کال‘‘ ہونے چاہیں تاکہ بچوں کی حفاظت کیلئے مزید اقدامات کئے جا سکیں۔ میڈیا اور آن لائن ورلڈ کے ساتھ بچوں کے تعلق کے حوالے سے شائع رپورٹ کے مطابق پانچ سے سات برس تک بچوں میں میسجنگ سروس استعمال کرنے کی شرح 59فیصد سے بڑھ کر 65فیصد تک جا پہنچی ہے۔ سوشل میڈیا کے استعمال کی شرح 30سے 38فیصد لائیو اسٹریم کی شرح 39سے 50فیصد اور اان لائن گیمنگ کی شرح میں 34 فیصد سے بڑھ کر 40فیصد تک جا پہنچی ہے 13سال سے کم عمر بچوں کا سوشل میڈیا استعمال کرنا بڑے پلیٹ فارمز کے قواعد کے برعکس ہے۔ تاہم بیشتر نے ان سروسز کے استعمال کرنے کیلئے عمر غلط بتانے کا اعتراف کیا ہے۔ آف کام کے آن لائن سیفٹی گروپ کے مارک بنٹنگ نے کہا ہے کہ یہ انڈسٹری کیلئے انتباہ ہے اور انہیں ایسے صارفین سے پوچھنا ہوگا جو قواعد کا خیال نہیں رکھ رہے۔ ایک عرصہ سے بچے، معروف ایپس استعمال کر رہے ہیں۔ اب کمپنیز کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی حفاظت کیلئے قواعد پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ رپورٹ کے مطابق والدین کی صرف ایک تہائی تعداد اس بات کا درست علم ہے کہ بچے کس عمر سے سوشل میڈیا استعمال کر سکتے ہیں، تاہم ریگولیٹر کے مطابق والدین کو اس بات میں دلچسپی بھی نہیں کہ وہ بچوں کو سوشل میڈیا کے استعمال سے روکیں۔