ماضی کی مقبول پشتو اداکارہ نازیہ کا شوبز میں واپسی کا فیصلہ

April 22, 2024

پشاور(جنگ نیوز) ماضی کی مقبول پشتو اداکارہ نازیہ نے دوبارہ شوبز میں آنے کا فیصلہ کرلیا۔ 1996ء سے 2009ء تک پی ٹی وی پشاور مرکز کے متعدد ڈراموں میں کام کرنے والی اداکارہ نے 15برس قبل شادی کے بعد اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی ۔ ازدواجی زندگی کے علاوہ ملازمت میں مصروفیت کی وجہ سے بھی وہ اداکاری سے دور رہیں لیکن اب انہوں نے دوبارہ اداکاری شروع کرنے کا عندیہ دیاہے۔ نازیہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اداکاری میرے لئے آکسیجن کا درجہ رکھتی ہے ۔ شادی کے بعد جب میں نے اداکاری چھوڑی تو کافی عرصہ تک گھٹن محسوس ہوتی تھی مجھے ایسا لگتا تھا جیسے میں قید ہوگئی ہوں یا میری سانس چھین لی گئی ہےلیکن گھریلو اور دفتری مصروفیات کی وجہ سے اپنے نمبرز بھی تبدیل کئے اور شوبز سے دور ہوگئی۔دوری کے باوجود جب بھی موقع ملتا تو یو ٹیوب یا دیگر پلیٹ فارمز پر اپنے ڈرامے دیکھ کر پرانا وقت یاد کرتی تو ایسا لگتا جیسے میں نے کل ہی اداکاری چھوڑی ہے۔ 13برس تک مسلسل اداکاری کے بعد شوبز چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن شادی اور ملازمت کی وجہ سے یہ کڑوا گھونٹ پیا مگر اب دوبارہ میری خواہش ہے کہ اچھے ڈراموں میں اداکاری کروں ۔ مجھے امید ہے کہ میری واپسی کے فیصلے کو پرستار سراہیں گے ۔