سائبر کرائم میں شوہر کی شکایت، بیوی کو بلیک میل کرنے والا گرفتار

May 23, 2024

کراچی (اسد ابن حسن) سائبر کرائم سرکل کراچی میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس دلچسپ مقدمہ نمبر 15/24میں مدعی نے تحریر کیا ہے "میری بیوی کے عامر نامی شخص سے "تعلقات" تھے۔ اس شخص نے میری بیوی کی نازیبا اور قابل اعتراض ویڈیوز اور تصاویر اپنے موبائل فون سے بنائیں اور اب وہ ہم دونوں کو فون کر کے بلیک میل کر رہا ہے اور کہتا ہے کہ وہ ان ویڈیوز اور تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کر دے گا اور 10لاکھ روپے طلب کر رہا ہے۔ درخواست میں ملزم کے چار موبائل نمبرز بھی تحریر کیے گئے ہیں"۔ مذکورہ درخواست پر سرکل انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر عامر نواز نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ ملزم جو ملتان کا رہائشی ہے اس کو رقم کی ادائیگی کا بہانہ کر کے اسکیم 33میں واقع ڈاؤ میڈیکل اسپتال بلوا کر ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے چاروں فونز بھی برآمد ہو گئے جن میں قابل اعتراض مواد موجود تھا۔ مزید کاروائی کے لیے مذکورہ فونز فارنسک کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔