سول ہسپتال شہر کے وسط میں بڑی سرکاری علاج گاہ ‘ سیکرٹری صحت

May 26, 2024

کوئٹہ ( اسٹا ف رپورٹر)سیکرٹری صحت صالح محمد بلوچ سے ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق پانیزئی نے گزشتہ روز ملاقات کی اور انہیں سول ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات اور درپیش مسائل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں روزانہ چھ سے سات ہزار افراد کو طبی سروسز فراہم کی جارہی ہیں اس سال ہسپتال میں 28700 داخل مریضوں کا علاج کیا گیا اور 1264597 مریضوں کا اوپی ڈی میں معائنہ کیا گیا۔ایم ایس نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال میں ادویات اور طبی مشینری کی کمی سے متعلق آگاہ کیا۔ سیکرٹری صحت صالح محمد بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ کے شعبہ جات اور سروسز کی فعالیت کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔سول ہسپتال کوئٹہ میں کسی بھی طبی سروس کا مختصر تعطل نہایت پریشانی کا باعث ہوتا ہے کیونکہ یہ شہر کے وسط میں سب سے بڑی سرکاری علاج گاہ ہے اور ہر فرد کی دسترس میں ہے۔سیکرٹری صحت نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ایک اہم طبی ادارے کو فعال رکھنے کی جو اہم ذمہ داری انہیں تفویض کی گئی اس پر پورا اترنے کے لئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور سول ہسپتال کوئٹہ کو ایک مثالی طبی ادارہ ثابت کریں ۔سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں طبی سہولیات کے تسلسل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔