سوارا بھاسکر نے ’سبزی خور‘ فوڈ بلاگر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

June 17, 2024

--- فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے بقر عید منانے والے مسلمانوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والی سبزی خور فوڈ بلاگر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے ’خود پرست‘ قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سوارا بھاسکر نے ایک فوڈ بلاگر کی پوسٹ کو ری شیئر کیا۔ بقر عید منانے والے مسلمانوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والی مذکورہ بلاگر کو کرارا جواب بھی دے دیا۔

نلنی اناگر نامی سبزی خور فوڈ بلاگر نے اپنے کھانے کی پلیٹ کی تصویر شیئر کی، جس میں فرایئڈ رائس اور پنیر نظر آ رہے ہیں۔

اس کے ساتھ بلاگر نے کیپشن میں لکھا کہ ’مجھے سبزی خور ہونے پر فخر ہے۔ میری پلیٹ آنسوؤں، ظلم اور جرم سے پاک ہے‘۔

واضح رہے کہ مذکورہ فوڈ بلاگر نے یہ پوسٹ بھارت میں بقر عید سے ایک روز قبل شیئر کی، بھارت میں رہنے والے مسلمانوں بِلواسْطَہ تنقید تھی، جس پر اداکارہ سوارا بھاسکر نے بلاگر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کرارا جواب دے دیا۔

اداکارہ نے بلاگر کی پوسٹ ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سچ میں، میں سبزی خوروں کی اس خود پسندی کو کبھی سمجھ نہیں پائی، آپ کی پوری خوراک ایک بچھڑے کو اس کی ماں سے ملنے والے دودھ پر مشتمل ہے، جس کے لیے پہلے ایک گائے کو زبردستی حاملہ کیا جاتا ہے پھر اسے اس کے بچے سے دور کر دیا جاتا ہے تاکہ اس کا دودھ چوری کیا جاسکے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ سبزی خور کیا جڑوں والی سبزیاں نہیں کھاتے؟ جو پورے پودے کو مار دیتی ہیں!، براہ کرم آرام سے رہیں، کیونکہ یہ بقر عید کا موقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہاتھ جوڑنے والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔