رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کا X کے چیف لیگل آفیسر کو خط

July 03, 2024

اسلام آباد (خبر نگار) رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار اور ان کی فیملی کا ذاتی ڈیٹا لیک ہونے پر وزارت خارجہ کے ذریعے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے چیف لیگل آفیسر کو خط لکھ کر پاکستانی تحقیقاتی اداروں کو متعلقہ معلومات فراہم کرنے کی درخواست کر دی۔ یہ خط اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کی ہدایت پر لکھا گیا۔ خط میں کہا گیا کہ اگر ایکس اپنا نمائندہ ہائیکورٹ کے سامنے بھیجنا چاہے تو بھیج سکتا ہے ، یہ اقدام قابل تعریف ہو گا۔ خط میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار اور انکی فیملی کا ذاتی ڈیٹا ایکس پر لیک ہوا۔ ایکس ڈیٹا لیک کرنے والے کے اکاونٹ کی شناخت میں معاونت کرے۔ اگر منظم مہم تھی تو اس کے لنکس کے حوالے سے بھی ایکس معاونت کرے۔ خط میں ایکس کی جانب سے یو کے اور بھارتی حکومتوں کو اس سے قبل معاونت فراہم کرنے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔