اسٹاک مارکیٹ، اہم سیکٹرز میں خریداری سے تیزی، 729 پوائنٹس کا اضافہ

July 03, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج، آئی ایم ایف سے نئے معاہدے کی راہ ہموار ہونے کی اطلاعات پر مارکیٹ میں زبردست سرگرمی،تمام اہم سیکٹرز میں خریداری سے تیزی کی لہر، کے ایس ای100انڈیکس میں 729 پوائنٹس کا اضافہ،79ہزار پوائنٹس کی عبور ہو گئی،سرمایہ کاری مالیت میں84ارب54لاکھ روپے اضافہ، کاروباری حجم 35 فیصد بڑھ گیا،تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ منظور ی کے بعد آئی ایم ایف سے نئے طویل المدت معاہدے کی راہ ہموار ہو جانے کی اطلاعات پر رواں مالی سال کے دوسرے روز مارکیٹ میں زبردست سر گرمی دیکھنے میں آئی، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بینکنگ،فرٹیلائزر ،سیمنٹ،کیمیکلز،آئل اینڈ گیس اورفارما سو ٹیکل سیکٹرز میں بڑی خریداری سے منگل کو ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے بعد دن بھر تیزی کی یہ لہر برقرار رہی اور ایک موقع پر 100انڈیکس 916 پوائنٹس بڑھنے سے 79 ہزار پوائنٹس کی حد عبور ہو گئی، تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 728.55 پوائنٹس کے اضافے سے 78824.33 پوائنٹس سے بڑھ کر 79552.89 پوائنٹس پر آکر بند ہوا۔