12جولائی کو اسلام آباد میں بیٹھنے کا اعلان کیا، اٹھنے کا نہیں، حافظ نعیم الرحمٰن

July 03, 2024

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 12جولائی کو اسلام آباد میں بیٹھنے کا اعلان کیا، اٹھنے کا نہیں۔ جماعت اسلامی کے تحت اب تک ہونے والے مظاہرے وارم اپ میچز تھے، اصل میچ اب ہو گا، ذاتی مقاصد کے لیے نہیں عوام کے حق کے لیے پُرامن تحریک مزاحمت کا آغاز کر رہے ہیں، کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ فارم 47کی پیداوار اور بوٹ پالشیے عوام کو ریلیف دیں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ وہ منصورہ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں نئے الیکشن کی ضرورت نہیں، فارم 45کی صورت میں لیگل ڈاکومنٹ موجود ہے، اسی پر نتائج کا اعلان کیا جائے، جو پارٹیاں اب نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں، انھوں نے سلیکشن کی سیٹیں قبول کر لیں۔ میڈیا اپنے آپ کو زیرک سیاستدان کہنے والوں سے سوال پوچھے کہ الیکشن قبول نہیں تھے تو مخصوص سیٹیں کیوں لیں؟ عام سیاسی ورکرز کا ذہن تو اس منطق کو سمجھنے سے قاصر ہے۔