گھر میں منی سوئمنگ پول بنوائیں

July 28, 2019

دن بدن پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافے کے سبب متوسط طبقے کے افراد بہ مشکل ہی کم رقبہ کا پلاٹ خرید پاتے ہیں اور پھر تعمیر کے وقت اپنی ضروریات کے مطابق اس جگہ کا بھرپور استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کم رقبے پر گھر کی تعمیر کے دوران تیراکی کے شوقین افراد کے ذہن میںاہم سوال آتا ہے کہ کیا اس میںسوئمنگ پول بھی بنوایا جاسکتا ہے؟ اس حوالے سے دو باتیں فوراً ذہن میں آتی ہیںکہ نقشہ سازی کے وقت سوئمنگ پول کیلئے ایک کمرے کی قربانی دے دی جائے یا پھر سوئمنگ پول کی تعمیر کا خواب ہی دل سے نکال دیاجائے۔ جگہ کی کمی کے سبب بلڈرز اور ماہر تعمیرات بھی بلند عمارتوں اور مکانات کی ڈیزائننگ پر توجہ دے رہے ہیں۔ تاہم اس حقیقت کے باوجود تیراکی کے شوقین افراد محدود جگہ پر بھی سوئمنگ پول تعمیر کرواسکتے ہیں۔

سوئمنگ پول کہاں تعمیر کروایا جاسکتا ہے ؟

سوئمنگ پول ایریا گھرکا وہ حصہ ہوتا ہے، جہاں آپ واٹر فیچر کےساتھ پرسکون ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق چھوٹے سوئمنگ پول غیر متوقع جگہوں پر تعمیر کروائے جاسکتے ہیں۔ ان کےلیے کوئی جگہ مخصوص نہیں ہوتی مثلاً فرنٹ یارڈ (گھر میں داخلے کے ساتھ والا حصہ،صحن یا پورچ)، گھر کا عقبی حصہ،بالکنی، ٹیرس یا پھر گارڈن وغیرہ۔ اس کی تعمیر میں ٹھوس مواد استعمال کیا جاتا ہے جیسے کہ ٹائل اور پتھر۔ ان سوئمنگ پول کو ماہرین مختلف نام دیتے ہیں مثلاً اسپول،پلنج پول، کوک ٹیل پول اور ویڈنگ پول وغیرہ وغیرہ۔

ایک بڑے اور کشادہ سوئمنگ پول کے برعکس چھوٹے سوئمنگ پول نہ صرف کم جگہ گھیرتے ہیں بلکہ تعمیری لاگت بھی آدھی کردیتے ہیں۔ موسم گرما میں یہ پول زیادہ سود مند ثابت ہوتے ہیں جہاںآپ گرمی سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے کچھ وقت یہاںگزارسکتے ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے گھر کے کسی حصے میں سوئمنگ پول تعمیر کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو درج ذیل معلومات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔

اولیویا شیپ

اگر آپ سوئمنگ پول کے بڑے سائز اور کافی جگہ گھیر نے کے سبب پریشان ہیں تو اولیویا(Olivia) سوئمنگ پول ڈیزائننگ کا انتخاب کریں۔ اس کا بیضوی انداز خوبصورت کناریوں کے ہمراہ کسی بھی ماحول میں سوئمنگ پول کی تعمیر کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔ سوئمنگ کے ساتھ یہ شیپ فیملی کے لیے تفریح اور پرسکون ماحول کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔

اس ڈیزائن کے اردگرد سٹنگ ارینجمنٹ بھی کی جاسکتی ہے۔ اولیویا ڈیزائن جہاں زمین کو خوبصورت دکھاتا ہے، وہیں سوئمنگ کے لیے عام پول سے زیادہ جگہ فراہم کرتا ہے۔ لازمی نہیںکہ یہ شیپ کم جگہوں پر ہی بنایا جائےبلکہ اسے بڑی جگہوں پر بھی تعمیر کروایا جاسکتا ہے۔ اولیویا شیپ سوئمنگ پول لمبائی میں4.23میٹر سے10.33 میٹر اور چوڑائی میں 2.37 میٹر سے4.75میٹر کی جگہ پر تعمیر کروایا جاسکتا ہے، جسے گارڈن کے علاوہ اندرونی حصے میں بھی بآسانی تعمیر کروایا جاسکتا ہے۔

منی سوئمنگ پول کا سائز

گزشتہ 30سالوں کے دوران بڑے پلاٹ کی خریداری میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، یہی وجہ ہے کہ چھوٹے مکانات میںمنی سوئمنگ پول بنانے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک چھوٹا یا منی سوئمنگ پول 10m²سے زیادہ سائز کا نہیں ہوتا۔ چھوٹے گارڈن یا ایریا میں اس سائز کے سوئمنگ پول بآسانی بنائے جاسکتے ہیں۔ مارکیٹ میں اس وقت ایک چھوٹے سوئمنگ پول کے درج ذیل سائز دستیاب ہیں۔

3x2میٹر پول (یعنی 6m²)

4x2میٹر پول (یعنی 8m²)

5x2میٹر پول (یعنی 10m²)

سوئمنگ پول ڈیزائن آئیڈیاز

ذیل میںسوئمنگ پول کے لیے کچھ ڈیزائن کا ذکر کیا جارہا ہے، ان میںسے کسی ایک کا انتخاب آپ اپنی پسند کے مطابق کرسکتے ہیں۔

مستطیل شیپ

اگر آپ گھر کے عقبی حصے میںسوئمنگ پول بنانا چاہتے ہیں تو یہ آئیڈیا بھی برا نہیں۔ گھر کے عقبی حصے کے سائز کو مد نظررکھتے ہوئے یہاں مستطیل طرز پر سوئمنگ پول تعمیر کروائیں۔ پول کی گہرائی کو واضح کرنے کے لیے کلر فل ٹائلز کا انتخاب کریں، مثال کے طور پر اگر آپ کے گھر کے عقبی حصے میں فرش پر سفید ٹائل لگے ہیں تو سوئمنگ پول کی فلورنگ اور کناریوں کے لیے کلر فل ٹائلز کا انتخاب کریں مثلاً ہرا، لال یا پھر مہرون۔ یہ ٹائلز آپ کے سوئمنگ پول کونہ صرف خوبصورت دکھائیں گے بلکہ کشادہ بھی۔

لیٹر شیپ پول

لیٹر شیپ پول برٹش کولمبیا کے گھروں میں اپنایا جانے والا سوئمنگ پول اسٹائل ہے۔ یہ شیپ عام طور پر چھوٹے سوئمنگ پول کیلئے اپنایا جاتا ہے۔ اس اسٹائل کیلئے کسی بھی لیٹر (Letter)کو سوئمنگ پول ڈیزائننگ کے طور پر منتخب کیا جاسکتا ہے۔ اس میںسوئمنگ پول کی گہرائی کم ازکم 18انچ ہوتی ہے جبکہ کنکریٹ بطور مواد استعمال کیا جاتا ہے۔ سوئمنگ پول کے ساتھ ایک خوبصورت گلا س ٹائل والی دیوار تعمیر کروائی جاتی ہے۔ گلاس ٹائل پانی پر خوبصورت عکس پیش کرتا ہے۔ اگر جگہ اتنی کم ہو کہ چھوٹے سائز کا سوئمنگ پول بھی تعمیر نہ ہوسکے تو دوسرا آپشن ریڈی میڈ سوئمنگ پول کی صورت دستیاب ہے۔ یعنی آپ ریڈی میڈ پول خرید کر اسے گھر میں نصب کرواسکتے ہیں۔ ریڈی میڈ سوئمنگ پول ان افراد کیلئے بہترین ہیں، جن کا بجٹ کم ہو اور وہ صرف پانی کے مزے لینا چاہتے ہوں۔ اس قسم کے پول عام طور پر گرم موسم میں زیادہ استعمال کئے جاتے ہیں، جو گھر کے مکینوں کو راحت پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔