ہمارا حُسینؓ ہے…!

September 10, 2019

کردارِ مُصطفیٰؐ کا ستارا حُسینؓ ہے

دینِ نبیؐ کے حفظ کا نعرہ حُسینؓ ہے

رنجِ عظیم، تاجِ مُسلماں ، شعورِ حق

صبر و رضا کا ایک اِشارہ حُسینؓ ہے

کرب و بلا اُفق پہ مثالِ مہِ تمام

اللہ اور دین کا پیارا حُسینؓ ہے

سجدے میں سر حُسینؓ کا دیتا ہے یہ خبر

خُلدِ بریں کا ایک نظارا حُسینؓ ہے

تم کو ہو لازوال شہادت پہ تہنیت

کہہ کر نبیِؐ حق نے پُکارا حُسینؓ ہے

کوئی ڈبو سکے گا نہ انسانیت کی ناؤ

انسانیت کا ایسا سہارا حُسینؓ ہے

ہر قلب کی صدا ہے پیامِ حُسینؓ ہی

ہر شخص کہہ رہا ہے ہمارا حُسینؓ ہے

یوں تو ہے کائنات میں سب کو عزیز وہ

مجھ کو ندیمؔ، جان سے پیارا حُسینؓ ہے

(ریاض ندیم نیازی)