قوم پرست تنظیموں کے نوجوانوں کی بڑی تعدادقومی دھارے میں شامل

September 08, 2019

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر و خیرپور سے تعلق رکھنے نوجوانوں کی بڑی تعداد قوم پرست تنظیموں کو الوداع کہہ کر قومی دھارے میں شامل ہوگئی، نوجوانوں نے قوم پرستی کی سیاست کو اپنی زندگی کی بڑی غلطی قرار دیا، ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اٹھا کر پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کئے اور ملک و قوم کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ سکھر، خیرپور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم پرست تنظیموں کو خیر آباد کہہ دیا۔ قوم پرست جماعتوں جسقم، جساف، جئے سندھ محاذ کے ضلعی و تعلقوں کے عہدیداران نے ہاکی گراؤنڈ میں اپنی تنظیموں کو الوداع کہہ کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر نوجوانوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد ہمارا کسی بھی قوم پرست تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، قوم پرستی کی سیاست نے ہمیں کچھ نہیں دیا ، اب ہم ملک وقوم سے وفادار رہیں گے ۔