باکسر وسیم خوشی دینے میں کامیاب، ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں میں مایوسی

September 17, 2019

ورلڈبیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کی سیکریٹری جنرل داتو بینگ چولو کو پاکستان سافٹ بال کے حکام شیلڈ پیش کرتے ہوئے

پاکستان کے انٹرنيشنل باکسر محمد وسيم نےدبئی میں ہونے والی فائٹ ميں فلپائنی حریف کون راڈو کو پہلے ہی رائونڈ میں ناک آوٗٹ کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا،انہوں نے اپنی جیت کو پاکستانی قوم اور کشمیری عوام سے موسوم کردیا، اپنی جیت کے بعد وسیم نے کہا کہ فائٹ جیتنے پر بہت خوش ہوں، آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں گا۔محمد وسیم کا کہنا تھا کہ میرے غیرملکی ٹرینر ڈینی وان نے اسکاٹ لینڈ میں پچھلے چھ سے سات ماہ سخت ٹریننگ کرائی، جس کا نتیجہ آج کامیابی کی صورت میں ملا ہے۔ ٹرینر نے میری خامیوں پر قابو پانے میں میری بھرپور مدد کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال باکسر محمد وسیم کو جنوبی افریقا کے باکسر مورتی متھالنے کے ہاتھوں ورلڈ ٹائٹل فائٹ میں شکست ہوئی تھی۔

کے سی سی اے کے سابق صدرپروفیسر اعجاز فاروقی ، حسین عباس کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی کورنگی الفتح کرکٹ کلب کے کپتان محمد وقاص کو دے رہے ہیں اس موقع پر جاوید خان اور توصیف صدیقی بھی موجود ہیں

ملک میں دو ٹیبل ٹینس فیڈریشنز کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کو ایک اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی ٹیم کو انڈونیشیا میں ہونے والی ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شر کت کے لئے این او سی جاری نہیں کیا،قومی دستے میں آٹھ کھلاڑی اور دو افیشلز شامل تھے، قومی کھلاڑی رواں سال دو عالمی ایونٹس میں حصہ لینے سے محروم رہے۔ ٹیبل ٹینس میں اختلافات کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کو مسلسل عالمی مقابلوں میں شرکت سے محرومی کا سامنا ہے مگر حیرت انگیز طور پر اس کھیل سے تعلق رکھنے والے سابق انٹر نیشنل اور قومی کھلاڑی بھی کوئی آ واز بلند نہیں کررہے ہیں، یہ صورت حال کھلاڑیوں کی مایوسی کے ساتھ عالمی اور ایشیائی سطح پر ملک کی رسوائی کا سبب بھی بن رہی ہے مگر وزارت بین الصوبائی رابطہ اور دیگر حکومتی حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری آ صف باجوہ کی تقرری کے بعد جہاں اس کھیل میں بہتری کے لئے کچھ اچھے فیصلے کئے گئے ہیں وہی ان کے بعض فیصلے خود ان کے لئے مشکلات کا باعث بننے کے ساتھ ان کے مخالفین کی پوزیشن کو بہتر بنارہی ہے، کھلاڑیوں اور کو چنگ اسٹاف کیساتھ ساتھ ایسوسی ایشنوںکے حکام پر بھی میڈیا سے بات چیت پر پابندی عائد کرنے سے فیڈریشن کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اس قسم کی پالیسی خود فیڈریشن کے حکام کی جگ ہنسائی کا باعث بھی بنے گی،پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی جونیئرگرلز نیٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی میں جاری ہے، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے مدثر آرائیں نے بتایاکہ تربیتی کیمپ کے لئے ملک بھر سے 18 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے ، انہوں نےکہا کہ ایشین جونیئر گرلز چیمپئن شپ 18 سے 22 اکتوبر تک کٹھمنڈو نیپال میں کھیلی جائے گی ،چیمپئن شپ میں 6 ممالک کی ٹیموں کی کھلاڑی حصہ لے لیں گی۔ جن میں پاکستان، میزبان نیپال، سری لنکا، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال شامل ہیں۔

باسکٹ بال ٹور نامنٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی آصف عظیم فاتح کراچی کلب کے کپتان کو ٹرافی دے رہے ہیں، ساتھ میں شاہدہ پروین کیانی، غلام محمد خان، سید محفوظ الحق اور دیگر نمایاں ہیں

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کے ناموں کا اعلان کردیا۔ حمزہ خان کمیٹی کے چیئرمین جبکہ 5رکنی کمیٹی کے ممبران میں سکندر خٹک، منیر احمد خان سدھانا، سید حسن نجیب شاہ اور کرنل مجاہد اللّٰہ ترین کے نام شامل ہیں۔سندھ فٹبال کے عہدے داروں نے اس کمیٹی کو مسترد کردیا ہے،ورلڈ گوجو ریو کراٹے چیمپئن شپ 16 سے 22 ستمبر کو ملائیشیامیں کھیلی جائے گی جس میںعدنان اسلم ماسٹر ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔کراچی باسکٹ بال کلب نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد نشتر کلب کو شکست دے کر یوم آزادی باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی طلحہ امجد اور ابھرتاہوا کھلاڑی جانزیب عباسی کو قرار دیا گیا ۔ فائنل کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر اسپورٹس بلدیہ جنوبی آصف عظیم تھے جبکہ اس موقع پر شاہدہ پروین کیانی ، خالد جمیل شمسی ، انجینئر سید محفوظ الحق، غلام محمد خان، عبد الناصر ، محمد یعقوب اور دیگر شخصیات موجود تھیں ۔ آصف عظیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ جنوبی چیئرمین ملک محمد فیاض کی قیادت میں جہاں اور ترقیاتی کام کررہی ہے وہاں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے اور میں چیئرمین بلدیہ جنوبی کی جانب سے یہ اعلان کرتا ہوں کہ عبد الناصر باسکٹ بال کورٹ پر باسکٹ بال کھیل کے فروغ کیلئے ہر قسم کی مدد کی جائیگی ۔